قائداعظم ٹرافی؛ ٹائٹل کیلیے 6 ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 25 اکتوبر 2020
رنر اپ کی جھولی بھی 50 لاکھ روپے سے بھرے گی،آج تین میچز کا آغاز ہوگا۔ فوٹو: پی سی بی

رنر اپ کی جھولی بھی 50 لاکھ روپے سے بھرے گی،آج تین میچز کا آغاز ہوگا۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: قائداعظم ٹرافی میں ٹائٹل کیلیے 6 ٹیموں میں گھمسان کا رن پڑے گا جب کہ آج سے ابتدائی راؤنڈ میں موجودہ چیمپئن سینٹرل پنجاب کا سب سے پہلا سندھ کی ٹیم سامناکرے گی۔

پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ قائداعظم ٹرافی کا آغاز اتوار سے ہورہا ہے،  پہلے راؤنڈ میں نیشنل اسٹیڈیم پر سندھ کا مقابلہ دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب سے ہوگا،یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر بلوچستان کی ٹیم خیبر پختونخوا کی منتظر ہوگی جبکہ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر ناردرن پنجاب کا مقابلہ سدرن پنجاب سے ہوگا۔

سندھ کے کپتان سرفراز احمد ہیں، یاسر شاہ بلوچستان، اشفاق احمد خیبر پختونخوا، اظہر علی سینٹرل پنجاب، نعمان علی ناردرن پنجاب اور شان مسعود سدرن پنجاب کی قیادت کریں گے۔

ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، جس میں سے ایک کروڑ کی رقم سیدھی فاتح سائیڈ کی جیبوں میں چلی جائے گی جبکہ رنر اپ کو بھی 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا جائے گا۔

بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو5،5 لاکھ جبکہ فائنل کے بہترین کھلاڑی کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم ملے گی۔ سینٹرل پنجاب کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، بابراعظم کی زمبابوے سے ہوم سیریز میں مصروفیت کے باعث قیادت اظہر علی کے سپرد کی گئی ہے، گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں 906 رنز بنانے والے کامران اکمل اور 43 وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف بھی سینٹرل پنجاب کا حصہ ہیں۔

اظہر علی نے کہاکہ وہ ٹائٹل کے کامیاب دفاع کی ہر ممکن کوشش کریں گے جبکہ ٹیم گذشتہ سال کی طرح جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گی، امید ہے کہ ایونٹ میں معیاری کرکٹ اور شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

سندھ کی قیادت کرنے والے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے بہترین کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹنگ لائن اپ کا دارومدار فواد عالم اور اسد شفیق پر ہوگا، موجودہ اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی بھرپور محنت کررہااورخواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ میچز میں فتح حاصل کریں۔ گذشتہ سال کی رنرزاپ ٹیم ناردرن کی امیدوں کا محور ذیشان ملک اور نوید ملک ہوں گے، کپتان نعمان علی نے کہاکہ ہم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پْرعزم ہیں۔

دوسری جانب سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں ہر ٹیم کے پاس ٹورنامنٹ میں واپسی کا مناسب موقع ہوگا۔ ادھر بلوچستان کوبیٹنگ میں عمران بٹ، سمیع اسلم اور عبدالواحد بنگلزئی کا ساتھ میسر ہوگا جبکہ کپتان یاسر شاہ بولنگ اٹیک کو خود لیڈ کریں گے، انھوں نے کہاکہ بلوچستان کی ٹیم مثبت سوچ کے ساتھ ایونٹ کا آغاز کرنا چاہتی ہے، 17 سالہ عبدالواحد بنگلزئی نے سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت فرسٹ اسکواڈ میں جگہ بنائی، ان سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔

محمد رضوان کی نیشنل ڈیوٹی پر مصروفیت کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی قیادت اشفاق احمد کررہے ہیں، جنید خان، عمران خان، عثمان شنواری اور ثمین گل پر مشتمل بولنگ اٹیک تجربہ کار ہے، اشفاق احمد نے کہاکہ خوش قسمتی سے ہمارا اسکواڈ سینئرز اور جونیئرز کا بہترین امتزاج ہے، کوشش کروں گا کہ گذشتہ سال کی طرح رواں برس بھی اپنی بہترین انفرادی کارکردگی سے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرسکوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔