شاہ محمود قریشی کا یو اے ای سے پاکستانیوں کو درپیش ویزا مشکلات کے ازالے پر زور

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 نومبر 2020
شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون امور ریم الہاشمی سے ملاقات کی فوٹو: فائل

شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون امور ریم الہاشمی سے ملاقات کی فوٹو: فائل

نیامے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یو اے ای کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون امور کو ویزا کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

افریقی ملک نائجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے دوران متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون امور ریم الہاشمی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، کورونا کی وبائی صورتحال، ویزوں کے حصول اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ آئندہ سال دبئی میں منعقد ہونے والی ایکسپو نمائش میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین مذہبی اور تہذیبی ہم آہنگی کی بنیاد پر دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کو یو اے ای کے ویزا کے حصول میں درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا۔

بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر سوڈانی اور  صومالی ہم منصب سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

سوڈانی وزیر خارجہ اسما عبداللہ سے ملاقات میں  شاہ محمود قریشی نے کہا دونوں ممالک کے مابین سیکورٹی، صحت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب صومالی ہم منصب احمد عیسیٰ سے ملاقات میں وزیر خارجہ نے معاشی بحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔