کنگنا رناوت ’’تنو ویڈز منو‘‘ کے سیکوئل میں ڈبل رول کریں گی

سیکوئل کی ہدایات بھی آنند لال دیں گے ،’’تنو ویڈزمنو 2‘‘ کی کہانی پریکوئل کے اختتام ’’ہیرو اور ہیروئن کی شادی کے۔۔۔


Showbiz Desk January 03, 2014
ہر فلم میں اپنے کردار سے نیا تجربہ حاصل کیا، پہلی مرتبہ ڈبل کردار میں جلوہ گر ہورہی ہوں، شادی کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا، کنگنا راناوت فوٹو: فائل

کنگنا راناوت کو کامیڈی فلم ''تنوویڈز منو'' میں شاندار اداکاری کرنے کے بعد اس کے سیکوئل میں بھی شامل کرلیا لیا گیا ہے۔

وہ ''تنو ویڈزمنو 2'' میں ڈبل رول میں جلوہ گر ہوں گی اور لوگوں کو پریکویل کی طرح ہی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔ کنگنا جو گزشتہ برس ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم کرش تھری میں سپر وویمن ''کایا'' کے کردار میں جلوہ گر ہوچکی ہیں اور فلم ''کوئین'' جس میں ان کا کردار اس کی پہلے والی تمام فلموں سے مختلف ہے، بھی تیاری کے مراحل میں ہے، کو ہدایتکار آنند لال نے ''تنو ویڈزمنو 2'' کا اسکرپٹ سنایا تو وہ بہت خوش ہوئی۔ ذرائع کے مطابق سیکوئل کی کہانی وہاں سے ہی شروع ہوگی جہاں ''تنو ویڈزمنو'' ختم ہوئی تھی یعنی پریکوئل کے مطابق کنگنا ''تنو'' اور مادھوان ''منو'' شادی شدہ جوڑا ہیں لیکن یہاں پر کنگنا کی زندگی ایک دلچسپ اور پیار بھرا موڑ لے لیتی ہے۔

سیکوئل میں وہ گلیمرس اور فیشن ایبل امیج سے ہٹ کر کردار ادا کررہی ہے۔ کنگناراناوت نے ''تنو ویڈزمنو 2'' میں کام کرنے کی اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے اپنی ہر فلم میں اپنے کردار میں ایک نیا تجربہ کرنے کا موقع ملتا ہے اسی طرح فلم تنو ویڈز منو کے سیکوئل میں بھی میں ایسا ہی کروں گی۔ میں''تنو ویڈز منو 2'' میں کام کرنے کے لیے بہت بے تاب ہوں کیونکہ میں پہلی مرتبہ ڈبل کردار میں جلوہ گر ہورہی ہوں تاہم فلم کے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق فلم کی شوٹنگ اسی برس اپریل میں شروع ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق کنگنا راناوت گزشتہ رات اپنا تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے لیے نیویارک روانہ ہوگئی ہیں۔ اداکارہ جسے فلموں میں کام کرنے کے باعث کالج سے نکال دیا گیا تھا، اب فلموں کا اسکرپٹ لگنے کے لیے تربیت لینا چاہتی ہیں اور اس سلسلہ میں اس نے نیویارک کے فلم اسکول میں ایک ماہ کے کورس کے لیے داخلہ لے رکھا ہے۔



اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے عرصہ سے نیویارک کے فلم اسکول میں تربیت حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی میں زندگی کی نئی راہیں تلاش کرنا چاہتی ہوں خصوصاً فلموں کے اسکرپٹ اور ان کے ڈائیلاگ لکھنا چاہتی ہوں۔اطلاعات کے مطابق کنگنا جس نے نے اپنی آنے والی فلم کوئین جس کی ہدایات وکاس بھل دے رہی ہیں، کے لیے کچھ مقالمے بھی لکھے ہیں، کا کہنا ہے کہ میری زندگی میں بہت سے واقعات رونما ہوئے ہیں اس لیے مجھے کسی فلم کا اسکرپٹ تیار کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔ فروری میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ''کوئین'' کی تشہیر کے لیے امریکا سے واپس آؤں گی اوراسکرپٹ تیار کرکے پروڈکشن ہاؤسز سے رابطہ کروں گی۔

دریں اثنا کنگنا راناوت نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میرا فی الحال شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ابھی اکیلی رہنا چاہتی ہوں۔ میری زندگی میں شامل دوسری چیزیں ترجیحات میں شامل ہیں۔شادی ایک عزم کا نام ہے اور میں نے ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔ ایک فرد کی حیثیت سے مجھے کسی کے ساتھ کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ میں نے اپنے لیے ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔ میں اپنی ہی کمپنی سے لطف اندوز ہوتی ہوں۔ میں کھانا پکانا، ڈانس کرنا اور جو لوگ خود میں مگن رہتے ہیں ان کا ساتھ پسند کرتی ہوں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں ایک سادہ لڑکی ہوں اور مجھے خود پر مکمل اعتماد ہے۔ میں معاشرے کے اصول توڑتے ہوئے گھر چھوڑ کر اپنا مستقبل بنانے کے لیے ممبئی آئی۔ ابتدا میں بہت کنفیوز ہوئی اور کچھ غلطیاں بھی کیں مگر پھر سب کچھ تبدیل ہوگیا اور اب سب کچھ بہتر جارہا ہے۔

واضح رہے کہ کنگنا کی فلم ''ریوالور رانی'' بھی اسی برس سینما گھروں کی زینت بنائی جارہی ہے اس فلم میں اپنے کردار کے متعلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس فلم میں میرا کردار سب سے ہٹ کر ہے ایکشن اور سپنس سے بھر پور فلم میں براہ راست مار دھاڑ کرتی نظر آؤں گی۔ امید ہے میرا یہ رول بھی شائقین کو پسند آئے گا۔

مقبول خبریں