میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف ریلیاں، 70 اسپتالوں میں ہڑتال

ویب ڈیسک  بدھ 3 فروری 2021
ملک کے تجارتی شہر رنگون میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، فوٹو: رائٹرز

ملک کے تجارتی شہر رنگون میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، فوٹو: رائٹرز

رنگون: میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف ملک کے کئی حصوں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ 70 بڑے اسپتالوں کے عملے نے احتجاجاً کام بند کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں ایمرجنسی کے نفاذ اور ملک کی حکمراں آنگ سان سوچی کی گرفتاری پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں زیر حراست 73 سالہ حکمراں سوچی سے اظہار یکجہتی کیا گیا، ریلی میں زیادہ تر نوجوان طلبا نے شرکت کی۔

Mayanmar protest against coup 3

اس حوالے سے سب بڑی ریلی ملک کے کاوباری شہر رنگون میں نکالی گئی جس میں مظاہرین نے فوج سے واپس بیرکوں میں جانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے بعد مظاہرین پُرامن طور پر منشتر ہوگئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : میانمارمیں فوج نےاقتدار پرقبضہ کرکے ایمرجنسی نافذ کردی، آنگ سان سوچی گرفتار 

میانمار فوج نے اب تک ان ریلیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی تاہم ماضی میں فوج کی جانب سے جمہوریت کی بحالی کی تحریکوں کو کچلنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال کرنے کئی مثالیں موجود ہیں۔

Mayanmar protest against coup

دریں اثناء میانمار کے 30 سے زائد ٹاؤنز میں قائم 70  اسپتالوں کے عملے نے ملکی اقتدار پر فوجی قبضے کے خلاف احتجاجاً کام چھوڑ دیا۔ عملے نے فوجی قیادت کے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کورونا وبا کے ہنگامی دور میں پہلے سے پریشان عوام کے لیے مزید مشکلات کھڑی کردی گئی ہیں اور ان حالات میں بھی فوج صرف اپنے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔

Mayanmar protest against coup 1

فوجی بغاوت کے خلاف حال ہی میں قائم ہونے والی سول نافرمانی کی تحریک کے پیچھے بھی چار نوجوان ڈاکٹرز ہیں تاہم ان کی شناخت پوشیدہ رکھی گئی ہے۔ نامعلوم مقام سے جاری بیان میں ان ڈاکٹرز نے کہا کہ فوج غریب مریضوں کا احترام نہیں کررہی اور اپنے غیر آئینی اقدام کی تعمیل کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

Mayanmar protest against coup 2

رواں برس کے آغاز پر میانمار کی فوج نے گزشتہ برس انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کرلیا اور ایک سال کے لیے ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔ علاوہ ازیں ملک کی سربراہ آنگ سان سوچی سمیت پارلیمانی ارکان اور حکمراں جماعت نیشنل لیگ آف ڈیموکریسی کے درجنوں رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔