بیمار اور پولیوزدہ مرغیوں کی رعایتی قیمتوں پر فروخت کا انکشاف

مکروہ کاروبار سے انسانی صحت اور جان کو شدید خطرات لاحق ہیں،درخواست گزار


Staff Reporter January 05, 2014
معاملے کی متعدد بار پولیس کو شکایت کی گئی لیکن پولیس خود اس گھناؤنے دھندے میں ملوث ہے،فوٹو:فائل

عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں پولٹری فارمز اور مخصوص مرغی فروشوں کے گٹھ جوڑ کے باعث بڑے پیمانے پر بیمار اور پولیو زدہ مرغیوں کی دکانوں اور مارکیٹ سے کم نرخوں پر رعاتی سیل کے نام سے فروخت اور صارفین کو دھوکا دے کر ان کی جان و مال سے کھیلے جانے کے مذموم کاروبار کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گڈاپ ٹاؤن کے رہائشی5 درخواست گزاروں نے ملیر کورٹ کی عدالت میں وکلا کے توسط سے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا ہے کہ محمدیہ ہاکرز مارکیٹ 36/A2 میں بڑا گروہ اور اس کے3 کارندے گڈاپ ٹاؤن کے مضافاتی علاقوں میں واقع پولٹری فارمزسے بیمار اور پولیوں زدہ مرغیاں انتہائی کم نرخوں پر خریدتے ہیں اور علاقے کے ہوٹلز و دیگر دکانوں پر سپلائی کررہے ہیں۔



اس معاملے کی متعدد بار پولیس کو شکایت کی گئی لیکن پولیس خود اس گھنائونے دھندے میں ملوث ہے اور ان دکانداروں سے باقاعدہ بھتہ وصول کررہی ہے، اس مکروہ کاروبار کے باعث انسانی صحت اور جان کو شدید خطرات لاحق ہیں، درخواست میں پولیس کو اس گھنائونے کاروبار کو بند کرانے، محکمہ صحت کو مکمل تحقیقات کرنے اور ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

مقبول خبریں