خام تیل کی ملکی پیداوار1لاکھ بیرل تک پہنچنے کا امکان

جولائی تاجنوری پیداوار11.3فیصد اضافے سے 81 ہزار 273بیرل یومیہ تک پہنچ گئی


Business Reporter February 05, 2014
گیس کی پیداوار2.9فیصد کمی سے 4009ایم ایم سی ایف یومیہ ہوگئی، رپورٹ فوٹو: فائل

پاکستان میں خام تیل کی پیداوار11.3فیصد اضافے سے 81 ہزار 273بیرل یومیہ تک پہنچ گئی۔

آئل اینڈ گیس سیکٹر سے متعلق ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران خام تیل کی پیداوار 73ہزار 21بیرل یومیہ سے بڑھ کر 81 ہزار 273بیرل یومیہ تک پہنچ چکی ہے، تیل کے مقابلے میں گیس کی پیداوار میں کمی کا سامنا ہے، گزشتہ سال مقامی سطح پر گیس کی پیداوار 4130ایم ایم سی ایف یومیہ تھی جو رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران 2.9فیصد کمی سے 4009ایم ایم سی ایف یومیہ ہو گئی ہے، گیس کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں تیل و گیس کی مجموعی پیداوار 1.6فیصد کمی سے 8لاکھ 8 ہزار 987بیرل سے کم ہوکر 7 لاکھ 95ہزار 726 بیرل یومیہ کی سطح پر آگئی ہے۔



رپورٹ کے مطابق خام تیل کی پیداوار میں اضافے میں ٹل بلاک اور ناشپاسے بڑھنے والی پیداوار نے اہم کردار ادا کیا ہے ان دونوں مقامات سے تیل کی پیداوار 11ہزار بیرل یومیہ اضافے سے 33ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے جو پاکستان کی مجموعی پیداوار کا 40فیصد ہے، ٹل بلاک سے تیل کی پیداوار گزشتہ سال 8700بیرل یومیہ تھی جو رواں سال 75 فیصدکے اضافے سے 15200بیرل یومیہ تک پہنچ چکی ہے، اسی طرح ناشپا سے تیل کی پیداوار 13000 بیرل یومیہ تھی جو رواں مالی سال 36فیصد اضافے سے 17700 بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال سنجھورو اور مکوری جی پی ایف سے تیل کی پیداوار شروع ہونے کے بعد پاکستان میں خام تیل پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا اور مالی سال کے اختتام تک پیداوار1لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ جائے گی، سوئی اور قادر پور سے گیس کی پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔

مقبول خبریں