اسرائیل کا امریکا سے جدید ہیلی کاپٹراور ری فیول طیارے خریدنے کا معاہدہ

 جمعـء 31 دسمبر 2021
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سی 46 کی ترسیل کو آگے لانے کی کوشش کر رہا تھا—فوٹو: رائٹرز

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سی 46 کی ترسیل کو آگے لانے کی کوشش کر رہا تھا—فوٹو: رائٹرز

اسرائیل نے امریکا کے ساتھ 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے دفاعی معاہدے کیے ہیں جس کے تحت تل ابیب سی ایچ 53 کے ہیلی کاپٹر اور دو بوئنگ کے سی 46 (فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے) حاصل کرسکے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے تصدیق کی کہ امریکا کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کی مالیت 3 ارب 10 کروڑ ڈالر ہے۔

وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا یہ معاہدہ اسرائیل کی فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گا اور اس میں 6 اضافی ہیلی کاپٹر خریدنے کا آپشن بھی شامل ہے۔

مزیدپڑھیں: کوئی اور ملک تیار نہ بھی ہوا تو اکیلے ہی ایران پر حملہ کردیں گے، اسرائیل

بیان کے مطابق ہیلی کاپٹرز 2026 میں اسرائیل پہنچیں گے۔ چیف میٹریل کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل شمعون سنسیپر نے کہا کہ فضا میں ایندھن بھرنے والے طیارے 2025 سے پہلے حاصل نہیں کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے سی 46 کی ترسیل کو آگے لانے کی کوشش کر رہا تھا اور آخر کار ان میں سے چار چاہتا تھا۔

اسرائیلی میڈیا نے امید ظاہر کی کہ فضا میں رہ کر ایندھن بھرنے والے طیارے ایران کی جوہری تنصیبات پر طویل خطرے والے فضائی حملے کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

جنرل شمعون سنسیپر نے کہا کہ فضائیہ کی موجودہ ایندھن بھرنے کی صلاحیت اس کے مشن کے لیے کافی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔