عمر ایوب کی بھتیجی تیز رفتار ڈرائیونگ کرتے ہوئے خوفناک حادثے کا شکار

اسٹاف رپورٹر  منگل 5 اپريل 2022
کار میں سوار خاتون اکبر ایوب کی بیٹی جو کہ نواب آف چترال کی بہو بتائی گئی ہیں۔ فوٹو : فائل

کار میں سوار خاتون اکبر ایوب کی بیٹی جو کہ نواب آف چترال کی بہو بتائی گئی ہیں۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں تھانہ شالیمار کی حدود مارگلہ روڈ پر سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کی بھتیجی اور نواب آف چترال کی بہو تیز رفتار ڈرائیونگ کرتی خوفناک حادثہ کا شکار ہوگئی تاہم انکی جان معجزانہ طور پر بچ گئی اور انکے پیچھے آنے والی ویگو گاڑی انہیں فوری لیکر غائب ہوگئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کی بھتیجی اور اکبر ایوب کی بیٹی جو کہ نواب آف چترال کی بہو بتائی گئی ہیں پیر کی رات مارگلہ روڈ پر نہایت تیز رفتاری سے سرکاری نمبر پلیٹ والی کرولا کار چلاتے ہوئے ایف ٹین کی جانب جا رہی تھیں کہ مارگلہ روڈ پر گول چکر کے قریب پہنچ کر اوور اسپیڈ ہونے کی وجہ سے انکی سرکاری نمبر پلیٹ والی کرولا کار الٹ گئی اور بری طرح تباہ ہوگئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی عمر ایوب کی بھتیجی کی کار الٹی تو خاتون فوری باہر نکلیں اور انہوں نے کار پر نصب چترال کی سرکاری نمبر پلیٹس اتاریں، اسی دوران وہاں ایک ویگو گاڑی پہنچی جس میں سوار ہوکر وہ جائے وقوعہ سے نکل گئیں۔

پولیس ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ جب اس موقع پر پوچھ گچھ کی گئی تو پتہ چلا کہ خاتون پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کی بھتیجی اور اکبر ایوب کی بیٹی ہیں، وہ نواب آف چترال کی بہو ہیں جو اسلام آباد میں اپنے گھر سے نکلیں اور اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے حادثہ کا شکار ہوگئیں۔

ایکسپریس کے استفسار پر وفاقی پولیس کے ماتحت آفیسر نے بتایا کہ انہوں نے پولیس سے کہا ہے کہ حادثہ انکی اپنی وجہ سے ہوا ہے جس میں کسی کا کوئی قصور نہیں لہٰذا وہ پولیس کو معاملہ میں نہیں لانا چاہتے جس کی وجہ سے پولیس کو اس بات کا بھی نہیں پتہ کہ خاتون کو چوٹیں آئیں یا نہیں البتہ اتنا ضرور معلوم ہوا کہ خاتون ویگو گاڑی میں خود سوار ہوکر روانہ ہوگئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔