اسلام آباد میں کمسن بچی کی پُراسرار لاش برآمد

بچی کی والدہ دوسری شادی کرچکی تھی، پولیس ذرائع


ویب ڈیسک May 02, 2022
اسلام آباد میں بچی پُراسرار طور پر قتل

لاہور: وفاقی دارالحکومت کے علاقے بھارہ کہو میں 9 سالہ فاطمہ کی لاش برآمد ہوئی جس کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، پولیس نے دادا اور سوتیلی دادی کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو سترہ میل میں کمسن بچی کی پُر اسرار موت کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور ماں دوسری شادی کرچکی تھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 سالہ فاطمہ اپنے دادا اور سوتیلی دادی کے ساتھ رہائش پذیر تھی اور نجی اسکول میں زیر تعلیم تھی۔

ابتدائی تحقیقات میں بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں جب کہ علاقہ معززین نے پولیس کو بتایا کہ بچی چھت سے گری ہے۔

بچی کی حقیقی والدہ نے تھانہ میں تحریری درخواست دے دی ہے جس پر مقدمہ درج کیا جارہا ہے، پولیس نے درخواست موصول ہوتے ہی بچی کے دادا اور سوتیلی دادی کو گرفتار کرلیا ہے۔

Girl-Die

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کو میرٹ اور شواہد کی روشنی میں یکسو کرکے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پولیس ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا کہ بچی کی ہلاکت زہر سے ہوئی ہے یا کسی زہریلی چیز نے بچی کو کاٹا ہے۔

سینئر پولیس افسر نے کمسن بچی کی لاش برآمد ہونے کے معاملے پر کہا کہ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاکہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ کا پتہ لگایا جاسکے۔

مقبول خبریں