پیرس میں منعقد ہونے والے فیشن کی دنیا کے معروف Le Bal Debutante میں قائد اعظم محمد علی جناح کے خاندان سے تعلق رکھنے والی ایلا واڈیا نے بھی حصہ لیا۔
پیرس کے تاریخی محل میں ہونے والی یہ سالانہ تقریب دنیا کی صرف 20 منتخب نوجوان خواتین کے لیے ہوتی ہے۔ جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
یوں تو ہر بار کی طرح اس سال بھی شرکا میں حقیقی شہزادیاں، ہائی سوسائٹی کے ورثا اور عالمی فیشن آئیکونز شامل تھیں مگر سب سے زیادہ چرچا ایلا واڈیا کا رہا۔
ایلا واڈیا نے کیرولائنا لینسنگ، لیڈی اسپینسر-چرچل، یولالیا اورلینز-بوربون، یو جینیا آف ہوہنزلرن سمیت دنیا بھر کی نمایاں ڈیبوٹنٹس کے ساتھ اول صف میں جگہ بنائی۔
ایلا واڈیا نے اس تقریب میں 50 ہزار سے 10 لاکھ ڈالر تک کے ملبوسات زیب تن کیے اور سب سے نمایاں اور حسین نظر آرہی تھیں۔
ان ملبوسات میں جب انھوں نے ایفل ٹاور کے سائے تلے تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں تو سوشل میڈیا پر اس فیشن ٹرینڈ کا جادو سر چڑھ کر بولا۔
ایلا کو فیشن کی دنیا وراثت ملی وہ جہانگیر واڈیا اور معروف ڈیزائنر سیلینا واڈیا کی بیٹی ہیں جبکہ ان کے دادا کا شمار بھارت کے بڑے صنعتکاروں میں ہوتا ہے۔
ان سب سے بڑھ کر ایلا کی اصل پہچان دنیا بھر میں ان کا قائداعظم کے خاندان سے تاریخی رشتہ ہے۔ وہ قائد اعظم کے نواسے کی پوتی ہیں۔
یاد رہے کہ اسٹائل، انفرادیت اور خود اعتمادی اصل معیار کو پرکھنے والا ’’لے بال‘‘ ایونٹ 1958 سے جاری ہے اور ’فیشن ورلڈ کا میٹ گالا فار یوتھ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
ماضی میں اس تقریب میں مارگریٹ کوالی، للی کولنز، لوری ہاروی، آوا فلیپ، اسکاؤٹ اور ٹلولہ ولس بھی شرکت کرچکی ہیں۔