تحریک انصاف کو دھرنا دینے دیا جائے، نوازشریف کی ہدایت

ویب ڈیسک  بدھ 25 مئ 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اس کے حال پر چھوڑدیا جائے، تاہم ان کو دھرنا دینے دیا جائے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مسلم لیگ ن کی پاکستان میں موجود قیادت نے پارٹی قائد نواز شریف سے رابطہ کیا اور پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے حوالے سے بتایا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے  قائدین کو  تحریک انصاف سے بات چیت نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو اس کے حال پر چھوڑدیا جائے، تاہم ان کو دھرنا دینے دیا جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ پشاور سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا پہنچے گا، جب کہ دیگر صوبوں سے بھی قافلے وفاقی دارالحکومت کی جانب رواں دواں ہیں تاہم حکومت کی جانب سے انہیں روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، اور پولیس کو بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

اس سے قبل یہ خبر آئی تھی کہ تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان کوئی معاہدہ طے پایا ہے، تاہم وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا، خبر بے بنیاد ہے، پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے  بھی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور حکومت سے معاہدے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم الیکشن کی تاریخ ملنے تک اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔