جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا ایٹمی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل کا تجربہ

ویب ڈیسک  جمعـء 16 دسمبر 2022
بھارت اگنی-5 بیلسٹک میزائل ایٹمی صلاحیت کا حامل اور 5 ہزار 400 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

بھارت اگنی-5 بیلسٹک میزائل ایٹمی صلاحیت کا حامل اور 5 ہزار 400 کلومیٹر تک مار کرسکتا ہے، فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی: جارحیت پسند بھارت نے ایٹمی صلاحیت کے حامل طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ’’اگنی-5‘‘ کا تجربہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جوہری صلاحیت کے حامل ’’اگنی-5‘‘ کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے جو 5 ہزار 400 کلومیٹر کے تک ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔تجرباتی بنیاد پر میزائل کو اڈیشہ کے عبدالکلام جزیرے پر مربوط ٹیسٹ رینج سے لانچ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلے سے طے شدہ مشق ہے اور تجربے سے پہلے پروٹوکول کے تحت وارننگ بھی جاری کی گئی تھی تاہم ماہرین کا کہنا ہے تجربے کا اصل مقصد چین کو پیغام دینا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : چینی فوج کیساتھ جھڑپ میں بھارتی فوجی پسپا ہونے پر مجبور؛ متعدد زخمی

خیال رہے کہ دو روز قبل ہی بھارتی ریاست اروناچل کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر ایک بار پھر بھارتی اور چینی فوج کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس پر متعدد بھارتی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

اسی طرح لداخ کی وادی گلوان میں 15 جون 2020 کو دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان پرتشدد تصادم میں 20 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے اگنی-5 کی جو تفصیلات شیئر کی گئی ہیں اس میں بھی نقشے میں چین کو واضح طور پر دکھایا گیا ہے جس سے لگتا ہے کہ اصل مقصد چین کو دباؤ میں لینا ہے۔

دوسری جانب چین کی جانب سے بھارت میزائل تجربے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔