انٹر بورڈ کراچی آن لائن فارم جمع کرنے کا آغاز

آئندہ تعلیمی سال سے طلبہ یاتعلیمی اداروں کے نمائندوں کوانرولمنٹ فارم جمع کرانے کیلیے انٹربورڈ آنیکی ضرورت نہیں ہوگی


Staff Reporter December 21, 2022
انٹربورڈ امتحانی امور میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھارہا ہے۔ فوٹو: فائل

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی 2023 سے آن لائن انرولمنٹ فارم جمع کرنے کا آغاز کررہا ہے۔

انٹربورڈ میں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور میڈیا کے لیے بریفنگ کا انعقاد کیاگیا، چیئرمین انٹربورڈ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تعلیمی اداروں کے سربراہان اور صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انٹربورڈ امتحانی امور کی انجام دہی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھاتا جارہا ہے، اس حوالے سے ایک اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے 2023 سے انرولمنٹ فارمز آن لائن جمع کرانے کا آغاز کیا جارہا ہے۔

چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا تھا کہ آئندہ تعلیمی سال سے طلبہ یا تعلیمی اداروں کے نمائندوں کو انرولمنٹ فارم جمع کرانے کیلیے انٹربورڈ کراچی آنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ بورڈ کے ویب پورٹل کے ذریعہ انرولمنٹ فارمز آن لائن جمع کراسکیں گے۔

چیئرمین انٹربورڈ نے شرکا کو آن لائن انرولمنٹ فارم جمع کرانے کے پورے طریقہ کار سے آگاہ کیا، اس موقع پرموجود تعلیمی اداروں کے سربراہان اور میڈیا پرسنز نے اس طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انٹربورڈ کراچی کے اس اقدام کو سراہااو ر امید ظاہر کی کہ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی سربراہی میں انٹربورڈ جدید ٹیکنالوجی اپنانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

یاد رہے انٹربورڈکراچی پہلے ہی طلبہ کو ٹی سی ایس کے ذریعے گھر بیٹھے بورڈ سے متعلقہ دستاو کے حصول کی سہولت فراہم کررہا ہے۔

مقبول خبریں