کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی

  کراچی: ماڑی پور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق ماڑی پور مچھر کالونی میں پولیس اہلکاروں اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جس میں سے ایک اہلکار دوران علاج دم توڑ گیا۔

ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو کو بھی گولی لگی جو زخمی حالت میں فرار ہوگیا، 2 ڈاکو تھے جن کی تلاش کی جارہی ہے۔ شہید پولیس اہلکار کا نام عرفان اور عمر 30 سال ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے دوسرے اہلکار کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کردی ہے۔