روحانی دوست

 اتوار 4 جون 2023
علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:

دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔

اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!

اول طریقہ تاریخ پیدائش:

مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔

ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:

1+2+7+1+9+9=29

29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔

11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)

تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔

گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔

اور طریقہ دوم میں:

سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے

مثلاً نام ”احسن ” والدہ کا نام ” شمسہ” والد کا نام ” راشد۔”

حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:

1 کے حروف (ا،ء ،ی،ق،غ)  ، 2 کے حروف (ب،ک،ر)  ،  3 کے حروف (ج،ل،ش) ، 4 کے حروف (د،م،ت)  ،  5 کے حروف(ہ،ن،ث)  ، 6 کے حروف (و،س،خ) ، 7 کے حروف (ز،ع،ذ)  ، 8 کے حروف (ح،ف،ض)  ، 9 کے حروف (ط،ص،ظ) ، احسن کے نمبر (1،8،6،5)

تمام نمبروں کو مفرد کردیں:(1+8+6+5=20=2+0= 2 )

گویا احسن کا نمبر2 ہے۔ایسے ہی احسن کی والدہ ”شمسہ” کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔

اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:

(2+9+1=12=1+2=3)

گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
5جون تا 11جون 2023
پیر 5 جون 2023

آج کا حاکم عدد 2 ہے۔  دل، چاند، پیر کا دن اور دو کا عدد باہم ایک ہی زنجیر میں ہیں۔ آپ کی کوئی دیرینہ خواہش پوری ہوسکتی ہے۔

آپ کی تاریخ پیدائش میں1،3،4،5،8 اور9 خصوصاً 4کا عدد یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف ت، د اور م ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2،6 اور7 خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و یا س ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔

صدقہ: 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِصدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔اسمِ اعظم ”یارحیم، یارحمٰن یا اللہ” 11 بار،یا 200 بار اول وآخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

منگل 6 جون 2023

آج کا حاکم عدد 1 ہے۔ ایک بادشاہ ہے اور منگل سپاہ سالار دونوں کا یک جا ہونا اور وہ بھی منگل کے روز، سپاہ سالار کا قد بڑا کردیتا ہے۔

اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ یا ن ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7 اور8 خصوصاً 7 یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ز یا ع ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذورسیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔وظیفۂ خاص”یاغفار، یاستار، استغفراللہ العظیم” 9 یا 90 بار اول وآخر11 بار درود شریف پڑھنا بہتر ہوگا۔

 بدھ 7 جون 2023

آج کا حاکم عدد 7ہے۔ بدھ کا دن دراصل عقلی دلائل اور ظاہر سے تعلق رکھتا ہے جب کہ 7 کاعدد الہام کا نمائندہ ہے 7 کا بدھ کو آجانا کچھ ایسے لوگ جو عقل ہی کو سب کچھ سمجھتے ہیں ان سے غلطیاں ہوسکتی ہیں۔

3,4,5,7,8اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح یا ف ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور 6 خصوصاً 1 یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف ا،ی یا غ ہے تو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔

صدقہ: زرد رنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کودینا بہتر ہے، تایا، چاچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔ وظیفۂ خاص”یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللہ” 41 بار اول و آخر 11 باردرود شریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

جمعرات 8جون 2023

آج کا حاکم عدد6 ہے۔  جمعرات کا دن مشتری سے متعلق ہے اور 8 کا عدد زحل سے، مذہب، عدالت، ججز اور علماء کے لیے مشکل دن ہوسکتا ہے۔

کوئی وزیر بھی اس لپیٹ میں آسکتا ہے۔  اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1,4,5,6,8اور9 خصوصاً 9 کا عدد یا پیدائش کا دن منگل ہے یا نام کا پہلا حرف ص یا ط ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2،3اور7 خصوصاً 7 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ز یا ع ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میں آپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: میٹھی چیز 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔ وظیفۂ خاص”سورۂ فاتحہ 7 بار یا یاقدوس، یاوھابُ، یااللہ 21 بار” اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔

جمعہ 9 جون 2023

آج کا حاکم عدد1ہے۔ کسی حکم راں طبقے سے اسکینڈل کی خبریں اڑ سکتی ہیں، کسی صنفِ نازک کی اسکینڈل کی نما شہرت ہوسکتی ہے۔

اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا ہ یا ن ہے تو آپ کے لیے بہتری کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 3،7 یا 8 خصوصاً 3کا عدد یا پیدائشی دن جمعرات یا جن کے نام کا پہلا حرف ج، ل یا ش ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

صدقہ: 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی، سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔ وظیفۂ خاص”سورۂ کہف یا یاودود، یامعید، یااللہ” 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔

ہفتہ 10 جون 2023

آج کا حاکم عدد 4 ہے۔  الٹ پلٹ ہونے جارہی ہے، کچھ انوکھا کہ جو غیرمتوقع اور کچھ افراد کے لیے ٹینشن کا سبب بن سکتا ہے۔

اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2 یا پیدائشی دن پیر یا نام کا پہلا ب، ک یا ر ہے تو آپ کے لیے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً 9کا عدد یا پیدائشی دن منگل یا نام کا پہلا حرف ص یا ط ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

صدقہ: 80 یا800 روپے یاکالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔ وظیفۂ خاص”یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللہ” 80 بار اول و آخر 11 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔

اتوار11جون 2023

آج کا حاکم نمبر 7ہے۔ سیروتفریح یا ایسے کام جن میں عقل کا کام نہ ہو بہتر ہیں، آرام کرنا بھی بہتر ہے اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں3،4،5،7،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا جن کا پیدائشی دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح یا ف ہے تو آپ کے لیے ایک اچھے دن کی امید ہے۔

لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور6 خصوصاً 6 کاعدد یا جن کا پیدائشی دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و یا س ہے تو  آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

صدقہ: 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل،کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔وظیفۂ خاص”یاحی، یاقیوم، یااللہ” 13 یا 100 بار اول و آخر 11 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔