چین میں مٹی کا تودہ گرنے سے 60 مکانات تباہ؛ 14 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 4 جون 2023
چند برس قبل چین میں لینڈ سلائیڈنگ میں فیکٹریاں تباہ ہوگئی تھیں؛ فوٹو: فائل

چند برس قبل چین میں لینڈ سلائیڈنگ میں فیکٹریاں تباہ ہوگئی تھیں؛ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین کے صوبہ سیچوان میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کئی گھر تباہ ہوگئے جن کے ملبے تلے دب کر 14 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 5 لاپتا ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبے سیچوان کے دارالحکومت چینگدو سے 240 کلومیٹر دور سر سبز پہاڑی علاقے میں دریا کنارے آباد گاؤں پر مٹی کا بڑا اور طاقتور تودا گرگیا جس میں 60 گھر تباہ ہوگئے۔

ملبے تلے 20 کے قریب افراد دب گئے جن میں سے 14 کی لاشیں ریسکیو ٹیم نے نکال لیں جب کہ 5 دیگر افراد تاحال لاپتا ہیں جن کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

لینڈ سلائیڈنگ اس علاقے میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے بعد ہوئی۔

یاد رہے کہ یہاں 2017 سے تاحال مٹی کے تودے گرنے کے درجنوں واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔