بلاول بھٹو نے کراچی اور حیدرآباد کے نامزد میئرز کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  پير 5 جون 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے میئر کے لیے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور حیدرآباد کے لیے کاشف شورو کے ناموں کا اعلان کردیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سندھ کے مختلف شہروں کے لیے نامزد میئرز کا اعلان کردیا۔

نثار کھوڑو نے کراچی کے میئر کے لیے مرتضیٰ وہاب، حیدرآباد کے میئر کے لیے کاشف شورو اور سکھر کے میئر کے لیے ارسلان شیخ ناموں کا اعلان کیا۔ سلمان عبداللہ مراد کو ڈپٹی میئر کراچی نامزد کیا گیا ہے۔

بعد ازاں چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں بھی ان ناموں کا اعلان کرتے ہوئے مبارک دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کے یہ کراچی اور حیدرآباد کے آخری نہیں بلکہ پہلے میئر ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے تمام نامزد چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کو ہدایت کی کہ عوام نے جو اعتماد کیا اس پر پورا اترنے کا وقت آگیا ہے، اگلے مرحلے میں کامیاب ہوکر عوام کی فلاح کے لیے کام کریں۔

PPP karachi mayor deputy mayor

یاد رہے کہ میئر کراچی کے لیے 15 جون کو کے ایم سی بلڈنگ میں انتخابات ہوں گے جس کے لیے جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمان کو نامزد کیا ہے جنھیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے۔

میئر کراچی نامزد ہونے کے بعد مرتضی وہاب نے اپنے پہلے بیان میں  بلاول بھٹو، آصف زرداری اور فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو ذمہ داری دی ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔