چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جیو اور جنگ کے ملازمین سے کوئی جھگڑا نہیں لیکن جیو کے مالک میر شکیل الرحمان سیاستدانوں اور اداروں کو بلیک میل کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔
سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جیو نے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تصویر لگا کر 8 گھنٹے تک ادارے کا پوسٹ مارٹم کیا اور اس اقدام کی مخالفت پر مجھے بھی بلیک میل کرنے اورڈرانے دھمکانے کی کوشش کی گئی جبکہ میرے خلاف اشتہارات چلائے اور اداریئے میں مجھے ذہنی مریض قرار دیا،جیو کے مالک میر شکیل الرحمان نے گورنر اسٹیٹ بینک کے کمرے میں جاکر انہیں دھمکیاں دیں اس کے باوجود حکومت جیو کے لئے نرم گوشہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں سیاستدانوں اور اداروں کو اس طرح بدنام نہیں کیا جاتا جس طرح جیو کے فرعون مالک میر شکیل الرحمان نے کیا، کیا کسی میڈیا ہاؤس کو اس طرح کے اقدامات زیب دیتے ہیں ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیمرا کو مضبوط بناتے ہوئے اس طرح کے لوگوں کا چیک اینڈ بیلنس کیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ 11 مئی کو الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا فراڈ ہوا،جب تک ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آئے گی عوام کے حالات نہیں بدلیں گے، پوری قوم آج ججز کی طرف دیکھ رہی ہے اور کیا ججز ظالم سے حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک الیکشن کا سسٹم ٹھیک نہیں ہوگا اس وقت تک ملک میں معاشی، تعلیمی اور عدالتی انصاف قائم نہیں کیا جاسکتا، اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر نکلیں گے، اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ''جیو'' کا علامتی تابوت بھی نکالا۔
تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نہ آج فیض کی سوچ ہے اور نہ اقبالیات پر عمل ہورہا ہے، تحریک انصاف اقبال اور جناح کی سوچ کا بیچ بوئے گی اور آنے والی نسلیں فصل کاشت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، غریبوں کے لوٹے گئے 200 ارب روپے سوئز بینکوں میں پڑے ہیں ۔
جلسےسے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں جعلی اسمبلی اور جعلی وزیراعظم ہے، وزیراعظم نواز شریف نے بھارت میں کشمیر کا ذکر تک نہیں کیا اور کشمیری قیادت سے ملاقات کی فرصت بھی نہ ملی لیکن بھارتی اداکارہ ہیمامالنی اور شبانہ اعظمی سے ملنے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بجٹ میں غریب عوام کو کچھ نہیں دیا،12 ہزار روپے میں تو جانور بھی نہیں پلتا،4 فیصد شرح نمو سب جھوٹ ہے جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے نیلم جہلم کا ٹھیکا 25 بلین ڈالر کے کنٹریکٹ کے بغیر چائنا کو دیدیا۔