لاہور:
خانیوال اسٹیشن پر مسافر پُل کا ایک حصہ گرنے سے ریلوے ملازم ایس ٹی اکرام جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کر لی گئیں، پل کی تعمیر کا کام آج سے شروع ہوگا۔ ریلوے ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ملبے سے نکالا جبکہ زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مسافر پل کا حصہ گرنے سے ریلوے ملازم ملبے کے نیچے دب گیا تھا، گرنے والا پل قیامِ پاکستان سے قبل تعمیر کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے 3 افسران کو معطل کر دیا، جن میں گریڈ 18 کے ڈویژنل انجینئر عابد رزاق، گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجینئر راجا یوسف اور گریڈ 16 کے انسپکٹر برِج ملتان محمد عادل شامل ہیں۔
ریلوے نے معاملے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی جبکہ اس حوالے سے سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
چیف ایگزیکٹو افسر عامر علی بلوچ خانیوال روانہ ہوگئے۔