اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی ڈرونز نے ایران کے راکٹ لانچرز کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فورسز ایرانی میزائل سسٹمز اور بیلسٹک تنصیبات پر مربوط حملے کر رہی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے CNN کے مطابق، اسرائیل نے ایران کی جوہری، بیلسٹک اور کمانڈ صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ کے مطابق، اب تک 70 ایرانی فضائی دفاعی بیٹریوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورس (IDF) کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ حملوں میں اصفہان سمیت ایران کے 12 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذخیرے بھی شامل ہیں۔
ادھر ایرانی سرکاری چینل پریس ٹی وی نے بتایا کہ ایران کا فضائی دفاعی نظام تہران کے گنجان آباد علاقوں میں مسلسل متحرک ہے اور اسرائیلی حملوں کا جواب دے رہا ہے۔
IDF ترجمان کے مطابق، ان حملوں کا مقصد ایران کی فضائی دفاعی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے تاکہ تہران اور دیگر اندرونی علاقوں تک آسانی سے رسائی حاصل ہو سکے۔
CNN نے اسرائیلی ویڈیو کی آزادانہ تصدیق نہیں کی۔