ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں مزید 3 افراد کو پھانسی دے دی

یہ پھانسیاں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے صرف ایک روز بعد دی گئیں


ویب ڈیسک June 25, 2025

ایران نے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد سے مبینہ روابط کے الزام میں تین افراد کو سزائے موت دے دی۔ یہ پھانسیاں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے صرف ایک روز بعد دی گئیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ ادریس علی، آزاد شجاعی اور رسول احمد رسول کو ملک میں قتل کے لیے سامان اسمگل کرنے اور اسرائیل سے تعاون کے جرم میں قصوروار ٹھہرایا گیا۔

ایرانی عدلیہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں مجرموں کو ارومیہ شہر میں آج صبح پھانسی دے دی گئی، جو کہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ 

ایرانی میڈیا میزان نیوز ایجنسی کے مطابق ان افراد کے اسمگل کردہ ہتھیار ایک نامعلوم شخصیت کے قتل میں استعمال ہوئے، تاہم مقتول کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

پھانسی سے قبل تینوں افراد کی تصاویر نیلے قیدی لباس میں ایرانی میڈیا نے شائع کیں۔ خیال رہے کہ ایران کی جانب سے اکثر ایسے افراد پر مقدمہ چلایا جاتا ہے جن پر موساد یا دیگر غیر ملکی انٹیلیجنس اداروں کے لیے جاسوسی کا شبہ ہو۔

ایرانی حکام نے رواں ہفتے کے آغاز میں بھی اسرائیل سے تعلق کے شبے میں کم از کم پانچ افراد کو پھانسی دی ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق چین کے بعد ایران دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ سزائے موت دی جاتی ہے۔

 

مقبول خبریں