کراچی:
35 ویں نیشنل گیمز میں پاکستان واپڈا کی نورین فاطمہ نے 1.53 میٹرز کی چھلانگ لگا کر خواتین کی ہائی جمپ میں پہلی پوزیشن کے ساتھ گولڈ میڈل جیت لیا۔
خواتین کی ہائی جمپ میں ایچ ای سی کی امتل نے سلور اور پاکستان آرمی کی عروج نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
پانچ ہزار میٹر کی دوڑ میں آرمی کے محمد اختر نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ محمد اختر نے 14 منٹ 36.41 سیکنڈز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان واپڈا کے عامر سہیل نے دوئم رہ کر سلور اور پی اے ایف کے محمد زوہیب نے سوئم پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔
شاٹ پٹ مینز ایونٹ میں آرمی کے جمشید علی نے گولڈ، پاکستان آرمی ہی کے نوشیروان نے سلور اور ایچ ای سی کے صاحبزادہ کاشف نے برانز میڈل جیتا۔
پاکستان واپڈا کے سمیع اللہ نے 100 میٹر کی دوڑ 10.30 سیکنڈ میں طے کر کے گولڈ میڈل جیت لیا، پاکستان آرمی کے عثمان علی نے دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل جیتا، انہوں نے مقررہ فاصلہ 10.40 سیکنڈ میں طے کیا، پاکستان آرمی ہی کے راشد ریاض سوئم رہے اور برانز میڈل اپنے نام کیا، انہوں نے فاصلہ 10.45 سیکنڈ میں طے کیا۔
خواتین کی کیٹیگری میں واپڈا کی فائقہ ریاض گیمز کی تیز ترین خاتون ایتھلیٹ بن گئیں، وہ 100 میٹر کی خواتین کی دوڑجیت کر اول رہیں، فائقہ نے فاصلہ 11.70 سیکنڈز میں طے کیا۔
ایچ ای سی کی خولہ نے دوسری پوزیشن کے ساتھ سلور میڈل جیتا، ان کا وقت 12.00سیکنڈز رہا، پاکستان آرمی کی سیکنڈ تحیم خان نے 12.10 سیکنڈز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی اور برانز میڈل کی حقدار قرار پائیں۔