دہشتگردوں کیساتھ پوری قوت سے نمٹیں گے، صدر اور وزیراعظم کی بلوچستان واقعے کی شدید مذمت

دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، آصف علی زرداری


ویب ڈیسک July 11, 2025

اسلام آباد:

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو فتنۃ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کرکے دم لیں گے۔

بلوچستان میں مسافروں کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں نے بس سے اتار کر معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا ۔ یہ بربریت فتنۃ الہندوستان کی پاکستان میں خونریزی کی گھناؤنی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان پاکستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانا چاہتا ہے ۔ ہم اپنی سرزمین کو فتنۃ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کریں گے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ بلوچستان واقعے میں قتل کیے گئے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اوران سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

دہشت گردوں کیساتھ پوری قوت سے نمٹیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نہتے شہریوں کا قتل فتنۃ الہندوستان کی کھلی دہشت گردی ہے۔ دہشت گردوں سے پوری قوت سے نمٹیں گے، بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا ۔

وزیراعظم نے کہاکہ عزم، اتحاد اور طاقت سے دہشت گردی کے ناسور سے نمٹیں گے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

مقبول خبریں