کراچی میں غلط سمت سے آنے والے واٹر ٹینکر نے 13 سالہ لڑکے کو کچل دیا

متوفی کی شناخت 13 سالہ یاسین کے نام سے کی گئی ، ڈرائیور گرفتار


منور خان July 16, 2025
حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور پولیس حراست میں، گاڑی تھانے میں بند (فوٹو ایکسپریس)

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، گلشن معمار میں مخالف سمیت میں آنے والے ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق گلشن معمار کے علاقے سیکٹر ایس کریم شاہ مزار روڈ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔

چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 13 سالہ یاسین کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیا ہے۔

 حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کر کے ونڈ اسکرین توڑ دیا جبکہ واٹر ٹینکر مخالف سمت میں جا رہا تھا جس کے باعث موٹر سائیکل سوار نوعمر لڑکا زندگی کی بازی ہار گیا جو اسی علاقے کا رہائشی ہے۔

ڈی ایس پی اشتیاق غوری نے بتایا کہ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے واٹر ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیا جبکہ متوفی نوجوان اور ڈرائیور ایک ہی گوٹھ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں تاہم گلشن معمار پولیس حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ کیماڑی گیٹ نمبر 15 مدینہ مسجد کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لیجائی گئی۔

 ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی راہگیر تھا جبکہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ اس کی عمر 48 سال کے قریب اور حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی جیکسن پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا شیرشاہ النور کانٹا کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں ںے سول اسپتال پہنچائی۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 16 سالہ انور کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ ٹرک کے اوپر سے سڑک پر گرنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا تاہم پولیس اس حوالے سے مزید چھان بین کر رہی ہے۔

مقبول خبریں