چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا سپریم کورٹ  کوئٹہ رجسٹری کا دورہ، وکلا کے مسائل سنے

چیف جسٹس نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی، قانونی برادری اور سائلین کے لیے سہولت مرکز کے قیام کا اعلان


ویب ڈیسک July 17, 2025
فوٹو: فائل

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وکلا اور بار کے مسائل سنے۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری کے دورے کے موقع پر بار کونسلز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر  جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شکیل احمد بھی چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔

چیف جسٹس نے اس موقع پر وکلا اور بار نمائندوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے کے ساتھ ساتھ تجاویز پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ اور مکران کی خواتین وکلا کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں تربیت دی جائے گی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے وکلا کے 2 بیجز کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا اعلان کیا۔

اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کوئٹہ میں بار روم کے لیے جگہ فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ علاوہ ازیں قانونی برادری اور سائلین کےلیے سہولت مرکز کے قیام کا اعلان کیا گیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بار اور بینچ کو مؤثر انصاف کی فراہمی میں شراکت دار قرار دیا اور وکلا کے مسائل سن کر فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ چیف جسٹس نے قانونی تعلیم اور انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میرا دوسرا گھر ہے۔

مقبول خبریں