قوال ماجد صابری خاندان کے جاں بحق تین افراد لیاقت آباد قبرستان میں سپرد خاک

نماز جنازہ میں گورنر، سعید غنی، مرتضی وہاب، فاروق ستار، انیس قائم خانی، نہال ہاشمی، منعم ظفر، خرم بھٹی اور دیگر شریک


اسٹاف رپورٹر July 18, 2025

کراچی:

بلوچستان کے علاقے قلات میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معروف قوال ماجد علی صابری خاندان کے جاں بحق 3 افراد کو لیاقت آباد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نماز جنازہ پی آئی بی اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں گورنرسندھ  کامران خان ٹیسوری، وزیر بلدیات سعید غنی، مئیر کراچی مرتضی وہاب، ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، نہال ہاشمی، منعم ظفر، خرم بھٹی سمیت دیگر سیاسی شخصیات، اہل علاقہ و عزیز و اقارب نے شرکت کی۔

مرحومین کی تدفین لیاقت آباد کےقدیم قبرستان، الیاس گوٹھ میں کی گئی۔ واقعے میں جاں بحق ماجد علی صابری کے سگے بھائی احمد صابری، ان کے جوان سال بیٹے رضا صابری اور قوال گروپ کے گٹارسٹ آصف شامل تھے۔ ابتدائی طور پر جنازے اور تدفین کو قریبی عزیز و اقارب کی بیرون ملک سے آمد کے باعث بعد نماز جمعہ تک موخر کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، دشمن کا مقصد ملک میں انتشار پیدا کرنا ہے، لیکن پاکستانی قوم متحد ہے اور دشمن کی سازشیں ہمارے اتحاد کو توڑ نہیں سکتیں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ 10 مئی کو قوم نے افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، اور آئندہ بھی "را" اور اس کے سہولت کاروں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اصل را کے ایجنٹ ہیں، افواج نے انہیں اوقات یاد دلادی، ہماری جماعت کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے، یہ پاکستان بنانے والوں کی اولاد کا جنازہ ہے۔

مقبول خبریں