اسلام آباد:
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ 14 اگست کو جشن آزادی اور بھارت سے جنگ جیتنے کی خوشی منائیں گے ساتھ ہی عمران خان کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔
ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ بانی چیئرمین کی آزادی کے لیے جو تحریک شروع کی ہے وہ رکے گی نہیں، یہ تحریک انشااللہ چلتی رہے گی، 14 اگست کو جشن منائیں گے، ریلیاں نکالیں گے، خان صاحب کی رہائی کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے، انڈیا کے خلاف جو ہم نے جنگ جیتی ہے اس کا بھی جشن منائیں گے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شیر افضل مروت کو واپس لانے کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے اس پر کیا کہیں گے؟ اس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ہماری پارٹی کا انٹرنل معاملہ ہے، ہماری پارلیمانی پارٹی کی اندرونی گفتگو ہے اس کو آپس میں ڈیل کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ خان صاحب کا جو حکم ہوگا اس پر من و عن عمل کریں گے، استعفوں کے حوالے سے خان صاحب نے ابھی کوئی ہدایت نہیں دی، ہم اس اسمبلی میں آئے سسٹم کا حصہ بنے، احتجاج نہیں کیا ، ریلیاں نہیں نکالی، بائیکاٹ نہیں کیا البتہ اگر ایسے ہی کریں گے ہمارے ساتھ تو ہم سوچنے پر مجبور ہو جائیں گے۔