پشاور:
محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے منشیات کے خلاف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع خیبر میں کی گئی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 718,060 گرام منشیات برآمد کرکے ضبط کر لی گئیں۔ یہ کارروائی ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقوں میں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران 615,500 گرام بھنگ اور 18,100 گرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ 70,000 گرام چرس اور 1,160 گرام ہیروئن بھی ضبط کی گئی۔ اس کے علاوہ 13,300 گرام افیون اور 18 ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات کو ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ کارروائی ایکسائز انٹیلیجنس بیورو اور ایکسائز پولیس اسٹیشن خیبر نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ کارروائی پراونشل انچارج ایکسائز انٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور اور ای ٹی او نارکوٹکس کنٹرول ماجد خان کی نگرانی میں کی گئی جبکہ ایس ایچ او تھانہ ایکسائز خیبر ماجد حسین، انچارج ای آئی بی اسپیشل سکواڈ وحید اکبر خان اور دیگر نفری نے کارروائی میں حصہ لیا۔
صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ منشیات ڈیلرز اور اسمگلرز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا ۔ صوبے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔