ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، عالمی سیاست پر تبادلہ خیالات

چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی


ویب ڈیسک February 05, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے اہم عالمی اور دوطرفہ امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گفتگو کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت میں تجارت، فوجی معاملات، تائیوان، روس یوکرین تنازع اور ایران کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

امریکی صدر کے مطابق چین کی جانب سے امریکا سے تیل، گیس اور اضافی زرعی مصنوعات کی خریداری، طیاروں کے انجنوں کی ترسیل سمیت دیگر اقتصادی امور بھی زیرِ بحث آئے۔

چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے گفتگو کے دوران امریکا چین تعلقات میں تائیوان کے مسئلے کو انتہائی حساس اور اہم قرار دیا۔ چینی صدر نے تائیوان کے ساتھ اسلحے کے معاہدوں کے معاملے پر امریکا کو محتاط رویہ اختیار کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایران، یوکرین اور دیگر اہم عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ روسی صدر پیوٹن نے دورۂ چین کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔

مقبول خبریں