دہلی کی سڑکوں پر آوارہ کتوں کا راج، بھارتی سپریم کورٹ نے سخت حکم جاری کردیا

دہلی میں کم از کم 60 ہزار آوارہ کتے موجود ہیں، جبکہ مقامی رپورٹس کے مطابق یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے


ویب ڈیسک August 12, 2025

بھارتی سپریم کورٹ نے دہلی میں کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات اور عوامی تحفظ کے خدشات کے پیش نظر دارالحکومت اور مضافاتی علاقوں سے ہزاروں آوارہ کتوں کو ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔

’اے ایف پی‘ کے مطابق دہلی میں کم از کم 60 ہزار آوارہ کتے موجود ہیں، جبکہ مقامی رپورٹس کے مطابق یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ 

بھارت میں ریبیز کی اموات کی ایک بڑی وجہ یہی آوارہ کتے ہیں، اور عالمی ادارۂ صحت کے مطابق بھارت دنیا بھر میں ریبیز سے ہونے والی ایک تہائی اموات کا ذمہ دار ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ 8 ہفتوں کے اندر کتوں کے لیے پناہ گاہیں قائم کی جائیں، روزانہ پکڑے جانے والے کتوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور کسی بھی آوارہ کتے کو دوبارہ آزاد نہ کیا جائے۔ مزید یہ کہ 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن قائم کی جائے اور عوام کو اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی کے بارے میں آگاہ رکھا جائے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں بھارت بھر میں 37 لاکھ سے زائد کتے کے کاٹنے کے کیسز اور 54 ریبیز سے اموات رپورٹ ہوئیں۔ دہلی میں روزانہ تقریباً 2 ہزار کتے کے کاٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔

عدالت نے جانوروں کے حقوق کے کارکنوں کو بھی خبردار کیا کہ کتوں کو ہٹانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 

مقبول خبریں