پوٹھوہار خطے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، مری میں دو روز کیلئے تعلیمی ادارے بند

بارشوں سے پوٹھوہار ریجن میں تباہی کا خدشہ ہے جیسا بونیر میں ہوا،دریاؤں کے قریب مکانات خالی کرالیے، ڈی جی پی ڈی ایم اے


اسٹاف رپورٹر August 18, 2025

راولپنڈی:

محکمہ موسمیات نے پوٹھوہار خطے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ بارشوں کے سبب اب پوٹھوہار ریجن میں تباہی کا خدشہ ہے جیسے بونیر میں ہوا، دریاؤں کے قریب مکانات کو خالی کرالیا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ساتواں اسپل مون سون کا ہے، وقفے وقفے سے بارشیں ہورہی ہیں آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارشیں ہوں گی، تربیلا ڈیم بھرنے کے بعد درمیانے درجے کا سیلاب ہے، دریائے ستلج میں 74 ہزار کیوسک پانی داخل ہورہا ہے، سی ایم کی ہدایت پر دونوں دریاؤں کے قریب مکانات کو خالی کروالیا گیا ہے اب پوٹھوہار ریجن میں خطرہ ہے جیسے بونیر میں ہوا۔

انہوں ںے کہا کہ کل ریلیف کمشنر پنجاب نے تمام تیاریوں کا اعادہ کیا، آئندہ 72 گھنٹے میں پوٹھوہار میں سیلاب کا خطرہ ہے، جہلم چکوال ندی نالے کی ارلی وارننگ جاری کردی ہے تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔

انہوں ںے کہا کہ مری ایکسپریس وے پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، شہری مری جانے سے گریز کریں، چیف منسٹر پنجاب نے تمام وسائل کی خیبرپختون خوا کو فراہمی کی یقینی بنائی، کسی بھی صوبے میں ضرورت ہوگی ہم سپورٹ سامان بھجوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی ایم نے تمام نالوں پر تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات کررکھی ہیں، نالہ لئی میں ڈی سلٹنگ کرائی جارہی ہے اور تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے، پنجاب میں بارش کے سات اسپل میں تیسرا اسپل نقصان دہ تھا، جتنا بھی نقصان جہلم راولپنڈی چکوال میں ہوچکا ہے آنے والے اسپل یے بعد ایک ہی سروے کے بعد سب نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے ایک ادارہ یا حکومت کام نہیں کرسکتا قوم کو کردار ادا کرنا یوگا، نالہ لئی بائیس فٹ پر پہنچا تھا لوگ اس میں سوئمنگ کررہے ہیں، لوگوں سے ریکویسٹ کی کہ نالوں سے دور رہیں، قوم جب تک موسمیاتی تبدیلی کو ایک ایشو کے طور پر نہیں لے گی یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر تمام حفاظتی اور ریسکیو کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، کلاؤڈ برسٹ کو ہمارے ادارے اس طرح نہیں لے رہے ہر جگہ کلاؤڈ برسٹ نہیں زیادہ بارش پر سیلابی صورتحال ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 48 گھنٹوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں، تربیلا ڈیم بھرنے کے بعد ساڑھے چار لاکھ کیوسک پانی دریائے سندھ میں بہہ رہا ہے۔

مری میں دو روز کیلئے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان

پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر مری انتظامیہ نے آئندہ 2 روز کیلئے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کردیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مری میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں، مری میں صبح سے تقریباً 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، آئندہ 2 روز میں راولپنڈی مری جہلم چکوال اور اٹک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پوٹھوہار خطے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے پوٹھوہار خطے میں ہیوی رین فال کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے نالہ لئی کا دورہ کیا اور نالہ لئی کی صفائی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور ایم ڈی واسا موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو بریفنگ میں بتایا کہ نالہ لئی کی صفائی مرحلہ وار جاری ہے، نالہ لئی سے ملحقہ نالوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، نشیبی علاقوں میں واسا کی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ تعینات ہیں، نکاسی آپ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، عملے کی چھٹیاں منسوخ مشینری کو الرٹ رکھا گیا ہے، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم نے بارشوں کے پیش نظر انتظامات پر اظہار اطمینان کیا اور واسا سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

مقبول خبریں