پی ڈی ایم اے پنجاب نے شدید بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے اضافے کے بارے میں الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ 24 اگست سے دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کیا، ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ممکنہ صورتحال بارے الرٹ رہنے کی ہدایات کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو ٹیموں کو پیشگی حساس مقامات پر تعینات کریں، موسلادھار بارش کی صورت میں شہریوں کو پیشگی آگاہ کریں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مساجد میں اعلانات اور لوکل سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں، شہریوں سے التماس ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کریں، پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ترجمان نے کہا کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
قبل ازیں پی ڈی ایم اے نے کہا کہ گلیشیر پگھلنے اور مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، دریائے سندھ میں چشمہ اور تونسہ بیراج پر درمیانے درجے جبکہ تربیلا، کالا باغ اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان نے تبایا کہ دریائے کابل میں نوشہرہ اور ملحقہ نالوں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور بید سلیمانکی کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے جہلم کے اہم مقامات اور ملحقہ نالوں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے، دریائے چناب کے اہم مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ ملحقہ نالے ایک اور پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے راوی کے اہم مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی برساتی نالوں میں کوئی بہاؤ نہیں ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب
تربیلا ڈیم 99 فیصد اور منگلا ڈیم 74 فیصد بھر چکا ہے، تربیلا ڈیم کا لیول 1549.00 فٹ اور منگلا ڈیم کا 1216.55 فٹ ہے، راول ڈیم کا لیول 1749.40 فٹ اور خانپور ڈیم کا لیول 1978.10 فٹ ہے، عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔