طیاروں کی ہوا میں موجود بیکٹیریا سے متعلق حیران کن انکشاف!

تحقیق میں ہوائی جہاز میں سفر کرنے والوں اور اسپتال کے عملے کے فیس ماسک پر موجود جراثیم کے نمونوں کا جائزہ لیا گیا


ویب ڈیسک December 06, 2025

ایک نئی تحقیق کے مطابق جراثیم سے ڈرنے والے افراد اب اسپتال یا جہاز میں جاتے ہوئے واقعی سکون کا سانس لے سکتے ہیں۔

جرنل مائیکرو بائیوم میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہوائی جہازوں اور اسپتالوں کی ہوا میں زیادہ تر بے ضرر مائیکروبز پائے جاتے ہیں جو عام طور پر انسانی جلد سے تعلق رکھتے ہیں۔

محققین کے مطابق اس جدید تحقیق میں ہوائی سفر کرنے والوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کے پہنے گئے ماسک کی بیرونی سطح پر موجود جراثیم کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔

امریکی ریاست الِینوائے کے شہر ایونسٹن کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سینیئر محقق ایریکا ہارٹمن کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ احساس ہوا کہ ہم چہرے کے ماسک کو ذاتی اور عوامی سطح پر ایک سستا اور آسان ایئر سیمپلنگ کی ڈیوائس کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محققین نے ان ماسک سے ڈی این اے نکالا اور وہاں پائے جانے والے بیکٹیریا کی اقسام کا جائزہ لیا۔

مجموعی طور پر ٹیم نے 10 ہوائی سفر کرنے والوں اور 12 صحت کے کارکنوں کے ماسک سے جراثیم کا تجزیہ کیا۔ مسافر اپنی پرواز کے بعد اور اسپتال کے کارکن اپنی شفٹ کے بعد اپنے ماسک فراہم کرتے تھے۔

محققین نے ایک ایئرکرافٹ کیبن فلٹر سے بھی جراثیم کا تجزیہ کیا، جس کو آٹھ ہزار گھنٹوں سے زیادہ وقت تک استعمال کیا گیا تھا۔

مجموعی طور پر، ٹیم نے 407 مختلف مائیکروب کی انواع کا پتہ لگایا۔

ایریکا ہارٹمن نے بتایا کہ کچھ حد تک غیر متوقع طور پر یہ بیکٹیریا وہ اقسام تھیں جو ہم عام طور پر اندرونی ہوا سے منسلک کرتے ہیں اور اندرونی ہوا ویسی ہی ہوتی ہے جیسی انسانی جلد۔

مقبول خبریں