چولستانی اونٹ کا دودھ و گوشت عالمی معیار پر لانے کا منصوبہ تیار

بہاولنگر میں پہلا ’منہ کھر فری زون‘ قائم کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک August 21, 2025

بہاولپور:

صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ عاشق حسین کرمانی نے بہاولپور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چولستان کے دور دراز علاقوں میں جانوروں کے علاج معالجے کے لیے 6 نئی موبائل ویٹرنری گاڑیاں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیر موصوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے کسانوں کا احساس ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گائے اور بھینسوں کی اقسام دودھ اور گوشت کی زیادہ پیداوار کی حامل نہیں، تاہم چولستانی جانوروں خصوصاً اونٹ کے دودھ اور گوشت کی دنیا بھر میں مانگ موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب چولستانی اونٹ اور اس کی افزائش نسل سے متعلق ایک جامع پروگرام لا رہی ہے، جس کے تحت اونٹ پال حضرات کو جدید طریقوں سے دودھ و گوشت کی فروخت میں معاونت دی جائے گی۔

اس منصوبے کے تحت بہاولنگر میں پہلا ’منہ کھر فری زون‘ قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بیماری سے پاک جانوروں کی پیداوار اور عالمی منڈیوں تک رسائی ممکن بنانا ہے۔

عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ اونٹ کے گوشت کی پراسیسنگ کے لیے بہاولنگر زون میں جدید مذبح خانے قائم کیے جائیں گے، جبکہ چولستانی اونٹ کی پیدائش سے لے کر تمام مراحل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2030 تک لائیو اسٹاک سیکٹر کے لیے ہدف مقرر کر لیا گیا ہے تاکہ پاکستان اس شعبے میں خود کفالت حاصل کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں دودھ اور گوشت کی بہترین نسلیں دستیاب ہیں، ہمیں بھی اسی طرز پر تحقیق اور ترقی کرنی ہوگی۔

وزیر لائیو اسٹاک نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پنجاب کی دو جامعات میں اس وقت پرو وائس چانسلرز تعینات ہیں اور بہت جلد مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اداروں کی کارکردگی مزید بہتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’منہ کھر فری زون‘ کی تکمیل کے بعد دودھ اور گوشت کی برآمدات کے دروازے پوری دنیا کے لیے کھل جائیں گے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہوگی۔

مقبول خبریں