وزیراعظم نے ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کا اجرا کردیا

کیش لیس معیشت کرپشن اور استحصال کے خاتمے کے لیے اہم قدم ہے، پوری اکانومی کو کیش لیس کی طرف لے جائیں گے، وزیراعظم


ویب ڈیسک August 25, 2025

کراچی:

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی پوری معیشت کو کیش لیس اکانومی بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، کیش لیس معیشت کرپشن اور استحصال کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم بی آئی ایس پی کے تحت مستحقین کے لئے ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کے قیام اور مفت موبائل سمز کی فراہمی کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی، بین الاقوامی شراکت دار اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں جدت شہید بے نظیر بھٹو کے وژن کی عکاس ہے اور یہ پروگرام غربت و بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری بی آئی ایس پی اور متعلقہ بینکوں، نادرا، آئی ٹی حکام سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹس اور مفت موبائل سمز کے ذریعے مستحقین کو شفاف طریقہ کار کے تحت گھر بیٹھے امدادی رقوم فراہم ہوں گی، جس سے کٹوتیوں اور قطاروں میں لگنے کی زحمت سے نجات ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں پہلی مرتبہ بی آئی ایس پی کے تحت مستحقین کو رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ہر ماہ دو بار کیش لیس معیشت کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہیں کیونکہ یہ آج کے دور کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چار ماہ میں بی آئی ایس پی مستحقین کے لئے تعلیم اور صحت سے متعلق اقدامات مکمل کئے جائیں اور بچوں کی لازمی تعلیم و حفاظتی ٹیکے لازمی شرط قرار دیئے جائیں۔

قبل ازیں وزیراعظم نے پروگرام کا کمپیوٹرائزڈ افتتاح کیا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا تسلسل اور خواتین کو بااختیار بنانے کی طرف اہم قدم ہے۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی نے بتایا کہ ایک کروڑ خواتین کے ڈیجیٹل والٹس قائم کئے جا رہے ہیں اور دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ موبائل سمز کا اجراء ہوگا، جس کا آغاز حیدر آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے مستحق خواتین کو براہ راست رقم فراہم ہوگی اور کٹوتیوں، کرپشن اور استحصال کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

مقبول خبریں