قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پشاور میں پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچز کی خواہش ظاہر کردی۔
تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے پشاور پولیس لائن کا دورہ کیا اور شہداء کی یادگار پر پھول چرھائے۔
اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ اس صوبے اور اس کی مٹی سے میرا گہرا تعلق ہے۔ خیبرپخوانخوا پولیس کی قربانیاں اور کارکردگی بے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے چیریٹی میچ بہت اچھا اقدام تھا۔ شائقین کی بڑی تعداد سے اندازہ ہوا کہ عوام اس طرح کی سرگرمیوں کو دیکھنا چاہتی ہے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ کا اسٹینڈرڈ ہائی ہے، چیئرمین پی سی بی سے درخواست کرتا ہوں کہ اب پشاور میں پی ایس ایل اور بین الاقوامی میچز ہونے چاہئیں۔
قومی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ٹیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، آگے ایشیا کپ کا انتظار ہے۔