لاہور: فارم ہاؤس پر سیلابی پانی میں پھنسے چھ شیر ریسکیو

مریم اورنگزیب کا ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے وائلڈ لائف اہلکاروں کو خراج تحسین


آصف محمود September 01, 2025

لاہور:

لاہور میں ملتان روڈ پر راوی کنارے واقع ایک فارم ہاؤس میں سیلابی پانی میں پھنسے چھ شیروں کو وائلڈ لائف رینجرز اور وائلڈ لائف ریسکیو فورس نے کامیاب آپریشن کے دوران بحفاظت نکال لیا۔

سیکریٹری جنگلی حیات مدثر ریاض کی نگرانی میں ہونے والے اس آپریشن میں طوفانی بارش اور پانی کے دباؤ کے باوجود رینجرز نے جانفشانی سے فرائض انجام دیے۔

ترجمان کے مطابق یہ ایک نہایت مشکل اور حساس کارروائی تھی جس میں چار کشتیاں اور ویٹنری ڈاکٹرز بھی شریک تھے، شیروں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے بعد فوری طور پر ان کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا اور ان کی صحت کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس آپریشن نے نہ صرف جانوروں کی زندگی بچائی بلکہ انسانی جانوں کے ممکنہ خطرے کو بھی بروقت ٹال دیا۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے وائلڈ لائف رینجرز اور ریسکیو فورس کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور کسی جاندار کو مشکل میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ سیلابی صورتحال میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے دوران متاثرہ علاقوں سے 7 ہرنوں کو بھی کامیابی سے ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں