سیلاب اور بارشوں سے غذائی بحران کا خدشہ، ملک بھر میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ

پنجاب حکومت کی جانب سے گندم، آٹا ترسیل پر پابندی نے تینوں صوبوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا


رضوان آصف September 03, 2025

لاہور:

سیلاب کی تباہ کاری اور مسلسل بارشوں نے ملکی فوڈ سیکیورٹی کیلیے خطرات پیدا کر دیے ہیں،چاروں صوبوں میں گندم، آٹا قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جاری ہے جبکہ طلب کے مقابلے میں رسد میں کمی آگئی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے گندم، آٹا ترسیل پر پابندی نے تینوں صوبوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ۔

چند روز کے دوران ہی کراچی میں ایک سو کلو گرام گندم کی قیمت میں 2 ہزار روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوا جس کے بعد کراچی میں گندم کی بوری 7200 سے بڑھ کے 9300 روپے ہو گئی ہے جبکہ کراچی میں 50 کلو آٹا تھیلا کی قیمت 5 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی۔ 

پشاور میں 100 کلوگرام گندم بوری کی قیمت میں اضافہ کے بعد نئی قیمت 9800 روپے ہو گئی جبکہ پشاور میں 20 کلو آٹا تھیلا کی قیمت 2500 روپے  سے زیادہ ہو چکی ہے۔

کوئٹہ میں گندم بوری قیمت میں اضافہ سے نئی قیمت 9600 روپے ہو گئی جبکہ کوئٹہ میں 20 کلو آٹا تھیلا کی ایکس مل قیمت 2130 روپے ہو گئی ہے۔لاہور ،راولپنڈی اور اسلام آباد میں گندم بوری کی قیمت میں 900 تا 1000 روپے روپے کا اضافہ ہو گیا ہے۔

لاہورمیں گندم کی قیمت 3500 روپے جبکہ راولپنڈی میں 3700 روپے فی من ہو گئی ہے۔لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں 15 کلو آٹا تھیلا قیمت میں 150 روپے اضافہ ہوا ہے، نئی ایکس مل قیمت 1450 ہو گئی ہے تاہم اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

میدہ فائن کی قیمت میں سینکڑوں روپے اضافہ سے ڈبل روٹی، بند و دیگر بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔خیبر پختونخوا فلور ملز ایسوسی ایشن  نے پنجاب کی قائم کردہ گندم چیک پوسٹوں پر رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔

چیئرمین نعیم بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب سے گندم آٹا لانے والی چھوٹی گاڑی  سے80 ہزار روپے جبکہ بڑی گاڑی سے ڈیڑھ لاکھ روپے بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔

مقبول خبریں