بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اختلافات کو بھلا کر سیلاب زدگان کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کا غم پوری قوم کا مشترکہ دکھ ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے متاثرین میں کمبل، پینے کا صاف پانی، خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی موبائل گاڑیاں سیلاب متاثرین کا سروے ان کی دہلیز پر کر رہی ہیں، تاکہ کسی متاثرہ خاندان کو نظر انداز نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا عملہ مشکل وقت میں متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی رقوم ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جائے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر متاثرین کی مدد کریں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مخیر حضرات اور بین الاقوامی ڈونرز سے بھی متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان مدد کے منتظر ہیں، پوری قوم کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور صحت کی سہولیات کی فوری فراہمی کے ساتھ ساتھ متاثرین کی آباد کاری کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھانا ناگزیر ہے۔ ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ متاثرین کے گھر اور کاروبار دوبارہ بحال ہو سکیں.