مون سون کا خطرناک اسپیل، کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش

محکمہ موسمیات نے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا


ویب ڈیسک September 09, 2025
فائل فوٹو

کراچی:

مون سون سسٹم کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کراچی میں علی الصبح سے سسٹم نے برسنا شروع کیا اور مختلف علاقوں میں یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بدھ تک 6 اسپیل متوقع ہے جس کے تحت 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے اور ایسی صورت میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ غیر معمولی موسم کا نظام ہے جو بھارت کی جانب سے سندھ میں ڈیپریشن یا ڈیپ ڈیپریشن کی صورت میں داخل ہو رہا ہے اور اس کا راستہ بھی غیر واضح اور پیچیدہ ہے جس کی وجہ سے بارش کی شدت مختلف علاقوں میں متغیر رہ سکتی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہونے والی بارش کے باوجود سڑکیں کلیئر ہیں جبکہ ملیر ندی اور کورنگی کازوے کو طغیانی کی وجہ سے آمد و رفت کیلیے بند کردیا گیا ہے۔

بارش کے باعث فیڈرز ٹرپ ہونے کی وجہ سے کراچی کے مختلف علاقے کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں جبکہ کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ خرابی کو دور کرنے کیلیے ٹیمیں متحرک ہیں۔

محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں، ننگی تاروں اور گہرے پانی والے مقامات سے دور رہیں۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

مقبول خبریں