سندھ رینجرز نے یوسف گوٹھ 100 فٹ روڈ اور حب چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد کرلیں۔
سندھ رینجرز کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، سندھ رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر یوسف گوٹھ 100 فٹ روڈ اورحب چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد کرلیں۔
برآمد شدہ سامان میں ٹائر و ٹیوب، چائنہ نمک، آٹو پارٹس، ایرانی کپڑا، انجن آئل، ملک پیک، شیمپو، چھالیہ اوردیگر اشیائے خردونوش شامل ہیں، برآمدکی گئی اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ اشیا 4 مزدا ٹرکوں کے ذریعے مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈ کے حوالے کردی گئیں۔