کراچی میں عالمی کتب میلے کا آغاز، افتتاحی تقریب میں وزیرتعلیم کا بچپن میں کتابیں چرانے کا انکشاف

عالمی کتب میلے میں مصر کی جامعہ الاظہر سمیت 17 غیر ملکی پبلشرز اور 329 اسٹال شامل ہیں


اسٹاف رپورٹر December 18, 2025
فوٹو ایکسپریس / فائل

ایکسپو سینٹر میں کراچی عالمی کتب میلے کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا جبکہ وزیر تعلیم سندھ نے افتتاحی تقریب میں بچپن میں کتابیں چوری کرنے کا دلچسپ انکشاف بھی کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ ، صدر آرٹس کونسل آف پاکستان احمد شاہ ، نیشنل بک فائونڈیشن کے سیکریٹری مراد علی و دیگر شریک ہوئے جبکہ کنوینر بک فیئر وقار متین نے استقبالیہ پیش کیا اور چیئرمین پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی کامران نورانی نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ کتاب انسانی سماج کے ارتقاء میں سب سے بڑا محرک ہے، جرمنی کے لوگوں نے دنیا کی پہلی پرنٹنگ مشین بنائی اور چین کے لوگوں نے کاغذ ایجاد کیا۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہم اے آئی کے ذمے دارانہ استعمال کے خلاف نہیں لیکن اگر ہم نے اسے بلا ضرورت بچوں کی زندگی میں شامل کردیا تو ان کے ہاتھ سے کتاب نکل جائے گی، میٹا اور اے آئی نے ورق گردانی کا سفر ختم کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2024 میں سوئیڈن کی حکومت اسکولوں میں کتابیں واپس لائی، 25 سال قبل سوئیڈن کے اسکولوں سے کتاب ختم کرکے ٹیبلٹ دے دیے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نوجوانی یا بچپن میں کتاب اور گلاب کی چوری کو چوری نہیں سمجھا۔ سردار شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں ایک ایک کمرے کی لائبریریز قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کنوینر کراچی ورلڈ بک فیئر وقار متین نے بتایا کہ کتب میلے میں 329 اسٹال ہولڈرز ہیں جہاں 17 غیر ملکی پبلشرز ہیں جبکہ مصر کی جامعہ الاظہر کا اسٹال بھی ہے، اور ان کے گرینڈ امام بھی کتب میلے میں شرکت کے لیے آئے ہیں جبکہ نیشنل بک فاؤنڈیشن اور سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے اسٹالز ہیں۔

چیئرمین پاکستان پبلشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کامران نورانی کا کہنا تھا کہ ہم سندھ حکومت کے تعاون سے حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں بھی آئندہ برس کتب میلے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمے داری ہے کہ بچوں کو کتابیں فراہم کریں، والدین کا فرض ہے کہ بچوں کو مطالعے کی جانب راغب کریں، اسکولوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنی عمارتوں میں لائبریری قائم کریں ہمارا واسطہ کتابوں کی دنیا سے رہا ہے نیشنل بک فائونڈیشن کے سیکریٹری مراد علی کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے سے تعاون کے بغیر کتابوں کو عام نہیں کرسکتے ۔

چیئرمین پاکستان پبلشرز نے بتایا کہ اب تک 352 بک فیئر ہم نے نیشنل بک فائونڈیشن کے تحت منعقد کیے ہیں ہم نے آن لائن کتابیں مہیا کی یہ پاکستان کا سب سے بڑا بک فیئر ہے اس حوالے سے کراچی کے لوگ خوش نصیب ہیں۔ انہوں نے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کے ہاتھوں سے موبائل لے کر کتابیں دینی ہوں گی۔

صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ معاشرے میں بے چینی کہ وجہ یہ ہے کہ ہم کتاب سے دور ہیں ہم نے کتب بینی چھوڑ دی ہے، آرٹس کونسل اس مقصد میں کتب میلے کے ساتھ ہیں کیونکہ یہ کتاب کا معاملہ ہے کتاب زندگی اور تہذیب کی کنجی ہے کتاب کے ذریعے ہم دنیا بھر کے سفر طے کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان کی تہذیبی نشوونما کتاب کے بغیر ممکن نہیں، کتاب نہ پڑھنے سے بہتر ہے کہ بچہ موبائل یا کمپیوٹر پر کتاب پڑھے کتابوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں کتاب بہت مہنگی ہوگئی ہے ہندوستان میں قیمتیں اب بھی کم ہیں۔

مقبول خبریں