کراچی میں گھریلو ملازمہ پر بہیمانہ تشدد، مقدمہ درج

واقعہ کراچی کے علاقے بفرزون کے سیکٹر بی میں پیش آیا، ملزم کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی


منور خان December 18, 2025

شہر قائد کے علاقے بفرزون میں گھر کی سیڑھیوں پر گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

ویڈیو میں ایک شخص کو خاتون پر تشدد کرتے ہوئے دکھائی دیا جبکہ تشدد کرنے والے شخص کے ہمراہ خاتون اسے روکنے کی بھی کوشش کرتی نظر آئی۔

یہ واقعہ بفرزون کے سیکٹر 15 بی میں پیش آیا اور گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے شخص کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی۔

گبول ٹاؤن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا جبکہ مذکورہ واقعہ 11 دسمبر کو پیش آیا تھا۔ ایس ایچ او گبول ٹاؤن راؤ خالد نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ گھریلو ملازمہ یاسمین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مدعیہ نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ گھروں  میں صفائی ستھرائی کا کام کرتی ہے اور 10 دسمبر کو مکان نمبر آر 530 سیکٹر 15 بی بفرزون میں پہلی منزل پر رہائشی افتخار کے گھر کا کام کے دوران دوسری منزل کی رہائشی شمسہ زوجہ نعمان سے معمولی باتوں پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد وہ اگلے روز 11 دسمبر کو اپنے کام کاج پہنچ کر کام کاج ختم کر کے گھر جانے کے لیے سیڑھیوں سے نیچے آرہی تھی کہ شام ساڑھے چار بجے نعمان آیا اور مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔

خاتون کے مطابق نعمان نے انہیں سیڑھیوں پر دکھا دیا اور لغویات بھی بکیں جبکہ مجھے اہل محلہ نے چھڑوایا جس کے بعد مجھے چہرے اور جسم کے پر اندرونی چوٹیں آئیں اور بعد علاج معالجہ رپورٹ کرنے آئی ہوں جس پر گبول ٹاؤن پولیس نے نعمان نامی شخص کے خلاف مقدمہ نمبر 217 سالہ 2025 بجرم دفعات 504 ، 354 اور 337 اے آئی کے تحت مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پویلس کے حوالے کر دیا۔

ایس ایچ او راؤ خالد نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے متعدد بار مذکروہ گھر پر چھاپہ مارا ہے تاہم مقدمے میں نامزد ملزم گھر کو تالا لگا موقع سے فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

مقبول خبریں