آسٹریلیا میں یہودی تقریب پر بھارتی دہشتگرد کا حملہ؛ مزید 7 افراد گرفتار

سڈنی کے ساحل پر باپ بیٹے کے حملے میں 15 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے


ویب ڈیسک December 18, 2025
آسٹریلیا میں بونڈی بیچ حملے کے بعد مزید 7 افراد گرفتار

آسٹریلیا کی پولیس نے یہودی تقریب پر حملے میں بڑے پیمانے پر ہونے والی ہلاکتوں کے تناظر میں مزید 7 افراد کو حراست میں لے لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعے میں ایک حملہ آور جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا جب کہ اس کا بیٹا شدید زخمی حالت میں زیر علاج اور پولیس کی تحویل میں ہے۔

ابتدا میں پولیس کا کہنا تھا اس حملے میں باپ بیٹے ملوث تھے اور کسی تیسرے شخص کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔ یہ دونوں ذاتی طور پر داعش سے متاثر تھے۔

تاہم اب سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے سڈنی کے جنوب مغربی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں دو گاڑیوں میں سوار مشکوک افراد کی موجودگی کا بتایا گیا تھا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ کہ یہ افراد کسی ممکنہ پرتشدد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور بانڈی بیچ کی سمت ہی جا رہے تھے۔

البتہ فوری طور پر ان گرفتار افراد کا حالیہ بانڈی بیچ ہنوکا حملے سے کوئی براہِ راست تعلق سامنے نہیں آیا۔

اسکائی نیوز نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ساتوں افراد میلبورن سے روانہ ہوئے تھے اور ان کا سفر تقریباً نو گھنٹوں پر محیط تھا، تاہم بانڈی بیچ جانے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں بانڈی بیچ پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے سے ان افراد کے کسی قسم کے تعلق کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

مقامی میڈیا کی جانب سے جاری فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو سڑک پر منہ کے بل لٹاکر ان کے ہاتھ پلاسٹک کی زپ ٹائیز سے باندھے اور تلاشی بھی لی۔

ایک مشتبہ شخص کے سر پر چوٹ کے نشانات بھی دکھائی دیے، جبکہ اطلاعات کے مطابق پولیس کی ایک ایس یو وی نے مشتبہ افراد کی گاڑی کو سامنے سے ٹکر ماری تھی تاکہ انہیں روکا جا سکے۔

نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ساتوں افراد اس وقت تفتیش میں تعاون کر رہے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلین فیڈرل پولیس کی کمشنر کرسّی بیریٹ نے کہا ہے کہ بانڈی بیچ دہشت گرد حملے کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں آئندہ دنوں میں مزید چھاپے مارے جا سکتے ہیں۔

ان کے بقول تحقیقات کے دوران بڑی مقدار میں مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور آسٹریلین حکام ملکی و غیر ملکی اداروں کے ساتھ مل کر ملزمان کی سرگرمیوں اور روابط کا مکمل خاکہ تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اتوار کی شام بانڈی بیچ پر یہودیوں کی ہنوکا تقریب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حکام کے مطابق حملہ آور باپ بیٹا، ساجد اور نوید اکرم، شدت پسند تنظیم داعش کے نظریے سے متاثر تھے۔

ساجد اکرم پولیس کارروائی میں مارا گیا، جبکہ اس کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم زندہ بچ گیا، جس پر بدھ کے روز 15 قتل، دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

 

مقبول خبریں