اسلام آباد:
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی اسلام آباد میں عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات ہوئی جس میں صحت، تعلیم و ہنر، معدنیات، توانائی اور کلائمیٹ رزیلینس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، صوبائی حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ’’احساس ماں‘‘ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت حمل سے بچے کی پیدائش تک ماں اور بچے کی مکمل دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہوگی جبکہ بچی کی پیدائش کی صورت میں تین ماہ اضافی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی 100 فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے۔ قدرتی آفات سے خیبر پختونخوا کو شدید نقصان پہنچا، کلائمیٹ رزیلینس میں سرمایہ کاری بڑھا رہے ہیں جبکہ عمران خان کے وژن کے مطابق معدنیات کے شعبے میں مقامی آبادی کے مفادات کو پہلی ترجیح دی جا رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں، جنوبی اضلاع میں بنجر زمینوں کو کابل کاشت بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ و دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔