بڑے بڑے سرمایہ دار پیچھے ہوتے ہونگے، عبوری حکومت میں جلدی میں تختی لگادی ہوگی، جج سپریم کورٹ

سپریم کورٹ میں ڈیلپومیٹک انکلیو میں چیف منسٹر، گورنر بلوچستان کے لیے  مہمان خانے کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی


ویب ڈیسک February 02, 2026

جسٹس جمال خان مندوخیل نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ عبوری حکومت تھی وہ صاحب بہت جلدی میں ہونگے، انھوں نے تختی لگا دی ہوگی،  ویسے بھی بڑے بڑے سرمایہ دار پیچھے ہوتے ہونگے۔

سپریم کورٹ میں ڈیلپومیٹک انکلیو میں چیف منسٹر، گورنر بلوچستان کے لیے  مہمان خانے کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

وکیل کنسٹریکشن کمپنی نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے منصوبے کا افتتاح کیا، بعد میں منصوبے کی تعمیر کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا گیا، ہم نے آلات کی موبلائیزیشن کے لیے ایڈوانس گارنٹی جمع کرائی، ایڈوانس گارنٹی واپس لینے کا کیس ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں ثالثی کیلئے معاملہزیر التوا ہے، حکومت کہیں بھاگ نہیں رہی، حکومت یہی پر ہے، ویسے بھی بینک گارنٹی کی آخری تاریخ 30 جون 2026 ہے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ عبوری حکومت تھی وہ صاحب بہت جلدی میں ہونگے، انھوں نے تختی لگا دی ہوگی،  ویسے بھی بڑے بڑے سرمایہ دار پیچھے ہوتے ہونگے، جہاں تک مجھے یاد پڑ رہا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس معاملے پر حکم امتناع بھی دیا تھا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کمپنی نے جتنے اخراجات کیے، وہ معاملہ ٹرائل کورٹ کو ہی طے کرنے دیں،  عدالت نے نجی تعمیراتی کمپنی کی درخواست خارج کردی

سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالتی کارروائی سے متاثر ہوئے بغیر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے۔

مقبول خبریں