کراچی:
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران پونزی اسکیم کے ذریعے منظم نیٹ ورک چلانے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ملزمان سے حساس نوعیت کا ڈیٹا حاصل کرلیا گیا۔
ذرائع کےمطابق این سی سی آئی اے اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران شہرکے پوش علاقے ڈی ایچ اے فیز 6، اتحاد اور ڈی ایچ اے فیز 1 میں غیر ملکی شہریوں کوحراست میں لےلیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان سے اہم اور حساس نوعیت کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے، جس کی بنیاد پر نیٹ ورک کے خلاف مزید قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
کارروائی سے متعلق بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرفتار افراد پونزی اسکیم کے ذریعے ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک چلا رہے تھے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد مالی طور پر دھوکا دہی کا شکار ہوئے اور انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا تھا کہ مذکورہ اسکینڈل کا دائرہ تفتیش مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی گرفتاری کےلیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔