ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایک اہم اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار کی ہدایت پر کی گئی، جس کے تحت انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم محمد علی سمندر کے راستے پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث تھا۔ وہ شہریوں کو جیوانی کے راستے ایران اور عراق پہنچانے کا جھانسہ دیتا تھا۔ ملزم کی گرفتاری ایک متاثرہ شخص کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، جس کو ملزم نے عراق میں ملازمت دلوانے کا وعدہ کرکے ڈیڑھ لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ شہری کو بعد ازاں عراق سے ڈیپورٹ کرکے پاکستان واپس بھیجا گیا۔ تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ محمد علی جیوانی کے راستے بیرون ملک غیر قانونی سفر کروانے والے ایک منظم گروہ سے رابطے میں تھا۔
ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔