عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کو کسی نے بتایا ہے کہ توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کے بعد ان کو یہاں سے شفٹ کردیا جائے گا، مکمل طور پر قید تنہائی میں ڈال دیا جائے گا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آپ کے ذریعے جو بیان دیا اس کا بوجھ کوئی اور اٹھا نہیں سکا۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ جدوجہد بانی کو جیل سے نکالنے کے لیے کرتے ہیں، بانی چئیرمین ہیں اور رہیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ یہ بھول جائیں کہ بانی اگلے 10 سال جیل میں رہیں گے، بانی جھکیں گے نہیں، بانی کو کسی نے بتایا کہ مجھے گرفتار کیا جائے گا لیکن مجھے اس کی کوئی فکر نہیں، ہم بانی کی رہائی کے لیے کھڑے ہیں، یہ سب کچھ بانی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ 2 کی صرف تین چار سماعتیں رہ گئی ہیں، بانی کو کسی نے بتایا ہے کہ اس کے بعد ان کو یہاں سے شفٹ کردیا جائے گا، دو تین سماعتوں کے بعد بانی کو مکمل طور پر قید تنہائی میں ڈال دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تین سماعتوں میں میری جگہ میری بہنیں آپ کو بانی کا پیغام دیں گی تاکہ میری وجہ سے توجہ نہ ہٹائی جائے۔