راولپنڈی میں نان بائیوں کیخلاف دوبارہ کارروائی، شہر بھر کے تندور پھر بند

نان بائیوں نے ہڑتال ختم کرکے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا


قیصر شیرازی November 09, 2025

راولپنڈی:

پیرس فورس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے نان بائیوں کی 4 روزہ ہڑتال ختم ہونے کے فوراً بعد دوبارہ کارروائی شروع کر دی جس کے باعث شہر بھر کے تندور پھر بند کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر اور کینٹ ایریاز سے 23 نان بائی اور قائدین گرفتار کیے گئے، نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی کے 2 بیٹے بھی گرفتار کر لیے گئے۔ مرکزی صدر کے دونوں بیٹوں حمزہ اور بلال قریشی کو تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کر دیا گیا۔

سینئر نائب صدر سردار سفیر اور نائب صدر جہاں زیب عباسی بھی گرفتار کر لیے گئے۔تندوروں سے مالکان نا ہونے پر لیبرز کی گرفتاریاں شروع ہوگئیں۔

پرائس مجسٹریٹ کے مطابق تندور سیل ہوں گے اور ایف آئی آرز درج ہوں گی۔

صدر شفیق قریشی کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں و مقدمات کے بعد ہم نے دوبارہ مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال شروع کر دی ہے، اب ہڑتال اور شٹر ڈاؤن کا دائرہ ڈویژن تک فوری بڑھا کر ہنگامی رابطے شروع کر دیے، رات تک بڑا فیصلہ ہوگا۔

نان بائیوں کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد شہر بھر کے تندور کھل گئے تھے جہاں نان، پراٹھا اور روغنی نان خریدنے والوں کا رش لگا ہوا تھا۔

تندور کھلنے سے چھوٹے ہوٹلز، ریڑھیوں پر سالن اور چنے فروخت کرنے والوں کا کاروبار بھی چل پڑا تھا جبکہ بیکریوں پر ڈبل روٹی، بن اور شیر مال خریدنے والوں کا رش ختم ہوگیا تھا۔

نان کی قیمت بڑھا کر 30 سے 35 روپے اور روغنی نان پراٹھے کی قیمت 50 سے بڑھا کر 60 روپے کی گئی۔ سرخ پتیری روٹی 14 روپے سے بڑھا کر 15 روپے اور خمیری روٹی 25 سے بڑھا کر 30 روپے کی گئی۔

انتظامیہ نے سرخ روٹی دوبارہ 14 روپے کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق سرخ روٹی 14 روپے نا کی گئی تو چالان و جرمانے ہوں گے۔

ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے چار روز بعد ہڑتال ختم کر کے آل پنجاب نان بائی کنونشن 13 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ کنونشن میں حکومت کا نیا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا جائے گا۔

نان بائی کنونشن میں اسلام آباد و پنجاب بھر کے نمائندے شریک ہوں گے۔

مقبول خبریں